خبر رساں ادارے کے مطابق بدھ کے روز وائٹ ہاؤس میں معمول کی پریس کانفرنس میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ دکھائی نہ دینے والے دشمن کے خلاف جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی، نئے اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ امریکہ میں کورونا کے کیسز کی تعداد میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ امریکی صدر نے لاک ڈاؤن اٹھانے کی طرف اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ ان حوصلہ افزا پیشرفتوں نے ملک کو دوبارہ کھولنے سے متعلق ریاستوں کے رہنما خطوط کو حتمی شکل دینے کے لے ہمیں ایک بہت مضبوط پوزیشن میں پہنچایا ہے۔
پریس کانفرنس میں امریکی صدر نے بتایا کہ کورونا وائرس سے ملک کی سب سے زیادہ متاثرہ ریاست نیویارک میں نئے کیسز کی تعداد میں خاطرخواہ کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ وائرس سے متاثرہ 29 ریاستوں میں اہم پیشرفتوں کی خبریں ہیں اور یہ ریاستیں بہتری کی علامات ظاہر کر رہی ہیں۔ امریکہ میں کورونا ٹاسک فورس کے سربراہ امریکی نائب صدر مائیک پینس کا کہنا ہے کہ کورونا کے باعث بند ملک کو کب اور کیسے کھولنا ہے اس کے بارے میں متعلقہ گورنرز کو جمعرات تک ہدایات جاری کر دی جائیں گی۔
واضح رہے کہ امریکہ اس وقت نوول کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ملک ہے جہاں مہلک وائرس کے کیسز کی تعداد 6 لاکھ 32 ہزار 878 تک جا پہنچی ہے جبکہ اب تک 27 ہزار 850 لوگ جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
No comments:
Post a Comment